حضرو ، پاگل کتوں نے کئی افراد کو کاٹ لیا ، ویکسین پرائیویٹ لگائی جانے لگی
حضرو (نمائندہ نوائے وقت )حضرو اور نواحی علا قو ں میںآوارہ اور پاگل کتوں نے کئی افراد کو کاٹ لیا ،نواحی علاقے کالو کلاں کے نوجوان حسیب احمد اور کم سن بچے قاسم کو بھی پاگل کتے نے کاٹ لیا پاگل کتے کے کاٹنے کی ویکسین سرکاری ہسپتالوں میں نہیں بلکہ پرائیوٹ طور پر لگوائی جا رہی ہیں جس کی قیمت 30سے35ہزار روپے تک ہے پاگل کتے کاٹنے کی وجہ سے علاقہ بھر میں خوف وہراس پھیل گیا جس کے بعد تحصیل انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حضرو شگفتہ جبین نے کہا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے افسوس ناک واقعے کا ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے فوری نوٹس لیا اور تحصیل انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے متاثرہ بچے اور اس کے خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی۔انہوں نے حضرو میں آوارہ کتوں کو مکمل طور پر تلف کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔ اے سی حضرو نے کہا کہ واقعے میں آوارہ کتے کے حملے میں ایک کم عمر زخمی ہوا۔تحصیل انتظامیہ موجود حالات میں متاثرہ بچے اور اس کے گھر والوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ بچے کی ویکسینیشن کردی گئی ہے اور ضروری ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ اے سی حضرو نے کہا کہ آوارہ کتوں کے خلاف گزشتہ کئی دنوں سے آپریشن جاری ہے جو منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ بد قسمت واقعے کا رونما ہونا افسوس ناک ہے۔ بچے کی مکمل بحالی تک انتظامیہ متعلقہ اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔