پی ایس ایل: دلچسپ مقابلہ‘ زلمی نے سلطانز کو 6وکٹوں سے ہرا دیا
لاہور،کراچی(حافظ عمران،منیر احمد بھٹی ،قمر خان ) پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم نے 194 رنز کا مطلوبہ ہدف19اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پشاور زلمی کے بیٹسمین ٹام کیڈمورکو32 گیندوں پر 53 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے اپنی اننگز کاپراعتمادآغاز کیا تواوپنرز کا مران اکمل اور امام الحق نے 57رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔کامران اکمل دو چھکوں اور پانچ چوکو ں کی مدد سے 37رنز بناکر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیوآؤٹ ہوگئے۔کریز پر موجود امام الحق نے نئے آنے والے بیٹسمین ٹام کیڈمور کے ساتھ مل کر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔وہ پانچ چوکوں کی مدد سے 48رنز بنا کر کارلوس بریتھ ویٹ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ ٹام کیڈمور کو53کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔نوجوان حیدر علی نے کریز سنبھالی اور8 گیندوں پر2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے برق رفتار24 رنز بنا کر پشاور زلمی کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی نے 2جبکہ عثمان قاد رنے ایک وکٹ حاصل کی۔ کرس لین ایک بار پھر ملتان سلطانز کو بڑا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہیں دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے آؤٹ کیا، جیمز ونس نے کریز سنبھالی اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔محمد رضوان دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر ایمرجنگ پلئیر محمد عمران کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ جیمز ونس نے نصف سنچری سکور کی۔ انہوں نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی بدولت 55 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔صہیب مقصود کے 21 گیندوں پر 36 رنز نے بھی سلطانز کے سکور میں قابل قدر اضافہ کیا۔پشاور زلمی کے ثاقب محمود نے دو جبکہ محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان وہاب ریاض پشاور زلمی کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں 51 رنز دیئے۔ سہیل تنویر مسلسل دوسرے میچ میں بھی مہنگے بائولر ثابت ہوئے۔ شاہد آفریدی اور عثمان قادر نے نسبتاً بہتر گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔ محمد رضوان بحیثیت بلے بازتو کامیاب ہو رہے ہیں لیکن بحیثیت کپتان وہ ابھی تک متاثر نہیں کرسکے۔ مسلسل دو ناکامیوں کے بعد ان کی ٹیم پر دبائو بڑھے گا۔