بچوں میں غذائی قلت دور کرنے کیلئے اقدامات‘ ضلع ملتان سب سے آگے
ملتان (سپیشل رپورٹر) نیوٹریشن سرگرمیوں پر مبنی جنوبی پنجاب کے اضلاع کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جب کہ ضلع ملتان جنوبی پنجاب میں بچوں میں غذائی قلت دور کرنے کے حوالے سے سب سے آگے ہے،اس سلسلہ میں گزشتہ روز ضلع کونسل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی سید شعیب اقبال نے شرکت کی جب کہ محکمہ صحت،تعلیم، زراعت،لائیو سٹاک،واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران،ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مہدی اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ حسین رضا بھی موجود تھے۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی شعیب اقبال نے کہا کہ نیوٹریشن پروگرام وزیراعظم عمران خان کے وڑن کا عکاس ہے،غذائی قلت کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے،2014 میں کم وزن پیدا ہونیوالے بچوں کی شرح44.4 فیصد جبکہ 2018 میں26.5 فیصد تھی،شعیب اقبال نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں صحت کے شعبے میں درجنوں میگا پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں،ضلع ملتان میں غذائی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے کامیابیاں حاصل کی ہیں،سیکرٹری پی اینڈ ڈی نے کہا کہ ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مندبچے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں،ضلع ملتان کے3854 سکولوں کی واٹر ٹیسٹنگ کرائی گئی ہے،18 سے زائد فلور ملوں کو فورٹیفائیڈ آٹے کا پابند بنایا گیا ہے،ملتان میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے60 بیڈز پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا،1ارب67 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ڈی ایچ کیو ہسپتال پر ابتک62کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں،ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی ریماڈلنگ کا منصوبہ18کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے،ڈی ٹی ایل کی ریماڈلنگ پر12کروڑ96لاکھ صرف کئے جا چکے ہیں جب کہ رورل ڈسپنسری بوسن کو بی ایچ یو میں اپ گریڈ کرنے پر1کروڑ 12لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔