سارک عمل آگے بڑھنا ضروری: پاکستان، سری لنکا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان اپنے سری لنکن ہم منصب مہندا راجا پاکسے کی دعوت پر دو روزہ دورہ پر سری لنکا پہنچ گئے۔ سری لنکا کے وزیراعظم نے کولمبو میں ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا۔ بچوں نے وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے۔ وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں سری لنکا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور توپوں کی سلامی دی گئی۔ بعدازاں سری لنکا کے وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کا سری لنکن کابینہ اور وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے وزیراعظم کا اپنے وفد کے ارکان سے تعارف کرایا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی برائے سمندر پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری بھی دورہ کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے ہم منصب مہندا راجا پاکسے کے ساتھ ون آن ون ملاقات کی جس میں دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے سری لنکا کے وزیر اعظم کے دفتر ٹیمپل ٹیریس میں منعقدہ اجلاس میں متنوع شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان‘ سری لنکا کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی جس میں خطے میں امن‘ معاشی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو تقویت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دفاع‘ ثقافت اور سیاحت میں تعاون کے امکانات کا اعتراف کیا گیا۔ دونوں ملکوں میں مذہبی سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی شعبے میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔ دونوں ملکوں میں کئی شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔ دونوں ملکوں میں تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں۔ وزرائے اعظم کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ علاقائی تعاون کیلئے سارک عمل کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔ پاکستان‘ سری لنکا نے کرونا سے نمٹنے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کرونا کے دوران قرض سے متعلق ریلیف پر عالمی اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے قیام امن کیلئے پاکستان کا عزم دہرایا اور افغان تنازعہ کے سیاسی حل کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک تجارت بڑھائے گا۔ وزیراعظم نے خطے میں تنازعات کو بات چیت سے حل کرنے پر زور دیا۔ علاقائی تعاون کیلئے سارک عمل کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان اور وفد کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب ڈائنش گنا وردنا کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ ڈائنش گنا وردنا نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات اور تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔ سری لنکن وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے نے ٹویٹ میں سری لنکا پاکستان دوستی زندہ باد کا نعرہ لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرہص قبل عمران خان سے بنی گالہ میں دوطرفہ بات چیت کا آغاز ہوا۔ امید ہے اب اس پر مزید پیشرفت ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان کو سری لنکا آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ امید ہے عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دے گا اور ایک دوسرے کے عوام کو قریب آنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے بیان میں کہا ہے کہ ایک بار پھر سری لنکا آ کر خوشی ہوئی۔ کرکٹ ٹورز پر 1975ء اور 1986ء میں سری لنکا آیا تھا پہلے دوروں میں سری لنکن کرکٹ کے ارتقا کا دور دیکھا تھا۔ دوبارہ آ کر سری لنکا کے وزیراعظم کی پرتپاک مہمان نوازی کا لطف اٹھایا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سری لنکا کے صدر اور کاروباری برادری سے آج ملاقاتیں کروں گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مفاہمت کی جن یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں لاہور سکول آف اکنامکس اور یونیورسٹی آف کولمبو کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط شامل ہیں۔ سری لنکن انسٹی ٹیوٹ فار انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ اور کامسیٹ کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔ بی بی سی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے دوران مسلم ممبران پارلیمان سے طے شدہ ملاقات کو سکیورٹی خدشات کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔