ایس ای ایس ٹیچر ایسوسی ایشن رہنما کی مانیٹرنگ افسر پر تشدد کی ویڈیو وائرل
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) ایس ای ایس ٹیچر ایسوسی ایشن کے رہنما کی مانیٹرنگ افسر کو تشدد کرنے کے دعویٰ کی ویڈیو وائرل ہوگئی تفصیل کے مطابق ایس ای ایس ٹیچر ایسوی ایشن کے رہنما و ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ سیکنڈری سکول کوٹلی علی عادل جلال پور پیر والا رانا اسلم انجم کی ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ گورنمنٹ ملازم ہونے کے باوجود سرکاری سکول کے اندر اپنے دیگر ساتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے متعلق انتہائی بے ہودہ زبان استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کر رہے ہیں کہ اگر کسی تعلیمی افسر نے ہم سے جواب طلبی کی تو اس کا جینا دوبھر کر دوں گا اور اس آفیسر کے سامنے اس آرڈر کو پھاڑ دوں گا، انہوں نے بڑے فخریہ انداز میں یہ بھی کہا کہ میں پنجاب کا واحد سرکاری سکول کا ہیڈ ماسٹر ہوں جس نے مانیٹرنگ افسر کو غیر حاضری لگانے کی پاداش میں کمرے میں بند کر دیا جس پر اس کے ساتھیوں نے خوب تالیاں بجائیں اور اس کے حق میں نعرے بھی لگائے۔