بی اے‘ ایم اے پروگرام ختم ہونے کے بعد سرکاری کالجز کے نام بھی تبدیل
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) دو سالہ بی اے اور ایم اے ڈگری ختم ہونے کے بعد سرکاری کالجوں کے نام بھی تبدیل کر دیئے گئے، حکومت نے پنجاب کے 796 کالجوں کے نئے ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ صوبے بھر کے سرکاری کالجوں کے نام تبدیل کر کے نئے ناموں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے کالجوں میں پڑھائے جانے والے مضامین کے حوالے سے ان کے ناموں میں تبدیلی کر دی ہے جن کالجوں میں بی ایس آنرز فور ائر پڑھایا جا رہا ہے ان کا نام گورنمنٹ گریجویٹ کالج رکھا گیا ہے۔ جن کالجوں میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کرواتی جا رہی ہے ان کا گورنمنٹ ایسوسی ایٹ ڈگری کالج رکھا گیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے کالجوں کے پرنسپل کو ہدایت کی گئی ہے کہ کالج کے نئے نام کا بورڈ آویزاں کیا جائے اور کالج کے تمام دفتری کاغذات میں بھی نئے نام کو درج کیا جائے۔