جعلی زرعی ادویات اور کھاد مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جا ئیگا، رانا علی ارشد
ملتان ( خبر نگار خصوصی ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر جعلی زرعی ادویات اور کھاد مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ جعلی زرعی ادویات اور کھادوں کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف فی الفور قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انہوں نے بتایاکہ یکم جنوری سے 15 فروری 2021 کے دوران 25 ہزار716 لٹر جعلی زرعی ادویات کو ضبط کیا گیا جن کی مالیت1 کروڑ15 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ریڈز کے دوران جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث120 افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج عمل میں لایا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس نے مزید بتایا کہ مہنگی داموں کھاد فروخت کرنے پر صوبہ بھر میں 32 لاکھ33 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹاسک فورس کی ٹیم سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب زرعی ٹاسک فورس نے شکایات درج کرانے کا نیا سسٹم متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے کاشتکار کسی بھی وقت بذریعہ ایس ایم ایس/ واٹس ایپ 0300-2955539پر اپنی شکایات بذریعہ پیغام یا ویڈیو بھیج سکتے ہیں اور اس پر کاروائی چوبیس گھنٹے کے اندر عمل میں لائی جاتی ہے۔شکایت کنندہ کا نام صیغہ راز رکھا جاتا ہے۔