سینٹ الیکشن کے حوالے سے اجلاس ، اپوزیشن کو ہر محاذ پر ہرادیا، آئندہ بھی شکست دینگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور سینٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے رحمت للعالمین سکالر شپ کے اجراء پر وزیر اعلی کو مبارکباد دی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ رحمت للعالمین سکالرشپ پروگرام کی رقم کو ایک ارب تک بڑھایا جائے گا۔ اس نیک کام میں فنڈز میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ پنجاب میں تقریباً 15 ہزار طلباء و طالبات کو رحمت للعالمین سکالر شپ کے تحت وظائف دیئے جائیں گے۔ اس جستجو کا محور عشق رسول کے تقاضوں کو نبھانا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اپوزیشن کا ریاست مخالف بیانیہ دم توڑ چکا ہے۔ اپوزیشن عناصر صرف پراپیگنڈا کی سیاست پر زندہ ہیں۔ اڑھائی برس میں پنجاب کو ترقی کی راہ پر لیکرگئے ہیں۔ پہلی مرتبہ یکساں ترقی کے ویژن کے مطابق حقیقی ترقی کا سفرشروع ہواہے-سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کیلئے صرف عمارتیں کھڑی کیں۔ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو ماضی میں حکومتوں نے یکسر نظر انداز کیا۔ ہم نے وسائل کا رخ عام آدمی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی جانب موڑ دیا ہے۔ انتشار اور افراتفری کی سیاست نہ کامیاب پہلے ہوئی نہ اب ہوگی۔ پاکستان کے عوام منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ عثمان بزدار سے چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک امجد علی نون نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ملک امجد علی نون کی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیلئے خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نئے ماڈل پر چلانے کے حوالے سے آپ نے قابل قدر کام کیا ہے۔ ملک امجد علی نون نے وزیراعلیٰ کو کمپنی کے امور اور مستقبل کیلئے صفائی کے نظام کے بارے آگاہ کیا۔عثمان بزدار کی زیرصدارت تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے امیدواروں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں سینٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سینٹ کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے لائحہ عمل اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ سینٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی سے کی گئی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق)کے امیدواروں کو کامیاب کرایا جائے گا۔ امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے حکمت عملی طے کرلی ہے۔ ارکان اسمبلی کے گروپس بنائے جائیں گے۔ سینٹ الیکشن کے حوالے سے جلد ہی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ اپوزیشن صرف شور مچانا جانتی ہے۔ عوام کی خدمت کرنا ان کے پاس سے بھی نہیں گزرا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی وزرائ، مشیران اور معاونین خصوصی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سینٹ الیکشن کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی کے گروپ تشکیل دے دئیے گئے ہیں۔ گروپس اپنے متعلقہ امیدوار کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ میں خود بھی تمام گروپس اور امیدواروں کے ساتھ رابطہ رکھوں گا۔