قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی میں کسی دباو کو خاطر میں نہ لانے کی ہدایت
ملتان (خبر نگار خصوصی) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ضلع کی تمام تحصیلوں میں بلا امتیاز کریک ڈاون کا حکم دے دیاہے۔ضلعی انتظامیہ کے افسران پر مشتمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی میں کسی دباو کو خاطر میں نہ لایا جائے اور باثر قبضہ مافیا پر پہلے ہاتھ ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے اور ان سے تاوان بھی وصول کیا جائے اور سرکاری کمرشل اور زرعی زمین واگزار کرانے کے دوران رکاوٹ ڈالنے والوں کو جیل بھیجا جائے۔ عامر خٹک نے کہا کہ محکمہ اوقاف اور محکمہ انہار کی زمینوں پر قبضے کی بہت شکایات ہیں۔ان کی زمینیں واگزار کرانے کے لئے مکمل تیاری کی جائے۔پولیس قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی میں مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔عامر خٹک نے کہا کہ واگزار کرائی گئی زمینی کو مفاد عامہ کے لئے استعمال کرنے یا نیلام کرنے بارے حکومت کو سفارشات ارسال کی جائیں گی۔انہوں نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر رانا اخلاق احمد خان،اسسٹنٹ کمشنرز عابدہ فرید، آبگینے خان،محمد زبیر اورمدثر ممتاز نے شرکت کی۔