جلالپور میں دو مبینہ پولیس مقابلے‘ ایک ملزم ہلاک ‘ دوسرا زخمی‘ ساتھی فرار
ملتان‘جلالپورپیروالا(نامہ نگار‘کرائم رپورٹر) جلالپور میں دو مبینہ پولیس مقابلے،ایک ڈکیت ہلاک دوسرازخمی ۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او صدر ارشد بھٹی کو اطلاع ملی کہ کوٹلہ چاکر کے قریب مسلح ڈاکو عوام کو لوٹ رہے ہیں۔جب پولیس وہاں پہنچی تو مسلح ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ مسلح ڈاکوفائرنگ کرتے ہوئے فرار ہورہے تھے کہ ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔فائرنگ رکنے پر جب پولیس وہاںپہنچی تو زخمی بابر کٹانہ ہلاک ہوچکاتھا۔بابر کٹانہ پولیس کو کئی وارداتوں میں مطلوب تھادیگر ڈاکو موٹرسائیکل پر سوار ہوکر فرار ہوگئے جبکہ ایس ایچ او سٹی رانا صابر نے شجاعت پو روڈ پر ناکہ لگایا ہوا تھا کہ پولیس نے وہاں سے گزرنے والے موٹرسائیکل سوارتین افراد کو مشکوک سمجھ کر روکا توموٹرسائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے منیرحسین عرف مالکی زخمی ہوکر گرگیاجبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے زخمی منیر عرف مالکی کو اپنی تحویل میں لیا اور ہسپتال پہنچاکر قانونی کارروائی شروع کردی۔