سینٹ انتخابات : پرویز رشید الیکشن ٹریبونل سے نااہل ، فیصل واوڈا اہل قرار

کراچی (آئی این پی+ این این آئی) الیکشن ٹربیونل نے پرویز رشید کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سینٹ الیکشن کیلئے نا اہل قرار دے دیا۔ جسٹس شاہد وحید نے بطور الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل پرویز رشید کی اپیل پر سماعت کی۔ پرویز رشید عدالت میں پیش ہوئے۔ پرویز رشید نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر نے غیر قانونی طور پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔ الیکشن کمشن کے اعتراض پر رقم جمع کرانے کے لیے تیار ہوں۔ الیکشن ٹربیونل نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔ جس میں پرویز رشید کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سینٹ الیکشن کیلئے نا اہل قرار دے دیا۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو سینٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کی جانب سے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں فیصل واوڈا کے خلاف دائر اپیلیوں کی سماعت ہوئی۔ الیکشن ٹریبونل نے پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کرتے ہوئے فیصل واوڈا کو سینٹ انتخابات کیلئے اہل قرار دے دیا۔ الیکشن ٹریبونل کی جانب سے ریٹرننگ آفیسرکا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل نے امریکی شہریت چھوڑ دی تھی اور کسی سے حقائق نہیں چھپائے۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ پنجاب ہائوس کے واجبات کی ادائیگی کے لئے 96لاکھ اکٹھے کرنے میں دوستوں نے میری مدد کی ہے۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی مالیت 23لاکھ روپے بتائی ہے اور آپ پنجاب ہائوس کے 96لاکھ روپے ادا کر رہے ہیں۔ کیا آپ کے لئے پارٹی نے فنڈنگ کی ہے یا دوستوں نے مدد کی ہے۔ جس پر پرویز رشید نے کہا کہ پنجاب ہائوس کے واجبات کی ادائیگی کے لئے دوستوں نے میری مدد کی ہے۔