چیئرمین نیپرا کی کے الیکٹرک کو سسٹم میں بہتری لانے کیلئے وارننگ
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی نے کے الیکٹرک کو سسٹم میں بہتری لانے کیلیے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرمیوں میں ماضی کی طرح حالات ہوئے تو درگذر نہیں کریں گے۔ توصیف فاروقی نے کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت کی۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ تمام حقائق اوراعدادو شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔ دوران سماعت چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جو کچھ کرنا ہے کریں، نیپرا آپ کے ساتھ ہے، فروری میں بتا رہا ہوں کہ گرمیوں میں کراچی والوں کو پریشانی نہیں ہونی چاہئے، گرمیوں میں ماضی کی طرح حالات ہوئے تو درگزر نہیں کریں گے۔