چوہدری شجاعت کا حاجی نوازرضاسے ٹیلیفونک رابطہ ، والدہ کی وفات پر اظہارافسوس
اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( پی ایف یوجے دستور)کے صدر، معروف صحافی حاجی محمد نوازرضا اور ایڈیٹر آئی این پی و سینئرصحافی طارق محمود سمیر کی والدہ کی وفات پرتعزیت کرنے والوں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔اس دوران مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بھائی وسابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے حاجی محمد نواز رضا اور طارق محمود سمیر کو ٹیلیفون کر کے ان کی والدہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔ چوہدری برادران نے مرحومہ کے انتقال کو سوگوارخاندان کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ۔ علاوہ ازیں راجا جاوید اخلاص ، ملک ابرار، ملک افتخار ، مظفر گڑھ سے پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوابزادہ افتخار ، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر ، میاں اسلم ، محمد حنیف عباسی ، چوہدری ایاز ، ملک فدا الرحمان، سجاد عباسی عاصم نیازی ،حافظ حسین احمد سمیت دیگر ممتاز سیاسی ، مذہبی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے رہائش گاہ پر پہنچ کر تعزیت کا اظہار کیا۔