براڈ شیٹ نے وکلاء کا خرچ دیا، آپکے گناہ نہیں دھلے، شہزاد اکبر کا مریم کو جواب

اسلام آباد ، لندن (وقائع نگار خصوصی+ عارف چودھری) براڈ شیٹ پر مشیر داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کا مریم نواز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اپنے پیسے کی ادائیگی کیلئے ضبط کروانے کی کوشش کی جو وہ ہار گئے۔ قانون کے مطابق براڈ شیٹ کو وکلاء کا خرچ دینا پڑا۔ اس سے آپکے گناہ، جرائم اور کیلبری فونٹ والی بونگیاں نہیں دھلتی۔ آپ تو آج تک آپ ان فلیٹوں کی منی ٹریل بھی نہ دے سکے۔ براڈ شیٹ کمپنی کو شریف خاندان کو تقریباً 45 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنا پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق براڈ شیٹ کمپنی نے شریف خاندان کو تقریباً 45 لاکھ روپے کی ادائیگی کی۔ براڈ شیٹ کے وکلاء نے رقم کی ادائیگی اور شریف فیملی کے وکلاء نے رقم وصولی کی تصدیق کی۔ براڈ شیٹ نے شریف خاندان کو رقم ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اٹیچ کرنے کی درخواست عدالت سے واپس لینے پر لیگل فیس کے اخراجات کی مد میں ادا کی۔ شریف فیملی کے وکلاء کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے براڈ شیٹ کے دیوالیہ ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ جلد نمٹایا۔ کوئین کونسل کے مطابق براڈ شیٹ نے شریف فیملی کو 20 ہزار پائونڈز ادا کیے۔