وزیراعظم ملاقات کیلئے 5 منٹ نہیں دیتے‘ سینٹ الیکشن میں بلوچستان کیساتھ ظلم ہو رہا ہے: یار محمد رند

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ3مارچ فیصلہ کن تاریخ ہے۔ اسکے بہت سے اثرات بلوچستان ہی نہیں بلکہ پاکستان کی سیاست پر بھی پڑیں گے۔ کابینہ کا رکن ہونے کے باوجود وزیراعظم ملاقات کے لئے پانچ منٹ نہیں دیتے، سینٹ الیکشن میں بلوچستان کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔ پارلیمانی بورڈ میں بلوچستان کی کوئی نمائندگی نہیں تھی۔ صادق سنجرانی کون ہوتے ہیں فیصلے کرنے والے انکی کیا حیثیت ہے۔ یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہی۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے سالوں گزر جاتے ہیں ملاقات نہیں ہوتی۔ جب وہ کوئٹہ آئے تب بھی ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔ بلوچستان کے معاملات میں ہم سے مشاورت نہیں کی جاتی۔