ضمنی انتخابات میں عوام کیجانب سے ترقی پسند حکومتی بیانیے کو ترویج ملی، فیاض الحسن
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان سمیت پوری پی ڈی ایم اس وقت ''میٹھا میٹھا ہپ ہپ کڑوا کڑوا تھو'' کی پالیسی پر چلتے ہوئے عوام کو بیوقوف بنانے کی تگ و دو میں مصروف ہے حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام کی جانب سے ترقی پسند حکومتی بیانیے کو ترویج ملی اور پی ڈی ایم اور ن لیگ کا سپانسر کردہ مودی، اجیت دیول اور سلطان مفرور الدین ارطغرل کا بیانہ بری طرح ناکام ہوا ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات کے مقابلے میں این اے 51 کے ڈسکہ اور وزیر آباد کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ بنک ایک سو دس فیصد بڑھا ہے جو ایک واضح جیت ہے پی ڈی ایم کے چار دن کے واویلے کے بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے ذریعے بیس متنازعہ حلقوں پر دوبارہ الیکشن کروانے کا اعلان کر کے سلطان صلاح الدین ایوبی کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ 1989 کی وہ تاریخ بھی دہرا دی جب انہوں نے سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری کانت کو آؤٹ کرنے کے بعد ایک موقع اور دیا تھا ۔