ایکسپلوریشن و پروڈکشن کمپنیوں کا اسپیشل آڈٹ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد( وقائع نگارخصوصی ) پارلیمنٹ کی ذیلی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنیوں سے ٹریننگ فنڈز کی کم ریکوری ہونے کے معاملے کا اسپیشل آڈٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔گزشتہ روز پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر نوید قمر کی صدارت میں ہوا ، کمیٹی اجلاس میں ارکان کمیٹی سید حسین طارق اور حنا ربانی کھر نے بھی شرکت کی، اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کے 2016-17سے 2018-19 تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنیوں سے ٹریننگ فنڈز کی کم ریکوری ہونے کے معاملے پر بریفنگ دی، کمیٹی نے معاملے کا اسپیشل آڈٹ کرنے کی ہدایت کی ، رکن کمیٹی نوید قمر نے کہا کہ جو فنڈز غلط استعمال کر رہے ہیں ان کی نشاندہی کی جائے ، اس فنڈ کا بنیادی مقصد کیا ہے ؟ متعلقہ حکام نے جواب دیا کہ اس کا بنیادی مقصد ٹریننگ ہے ،نوید قمر نے کہا کہ لفٹیں بنانا کیا ٹریننگ ہے؟ یہ پیسہ غلط استعمال ہو رہا ہے، اس کو صحیح مقصد کے لئے استعمال کریں ، اس کو ضلع کی سطح پر لے جائیں، ضلع کی سطح پر لوگوں کی سلیکشن ہو گی۔