امسال عالمی یومِ ماحولیات کا موضوع ‘‘بحالیِ ماحولیاتی نظام ’’ ہو گا، امین اسلم
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی /وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان جون 2021 میں اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ساتھ مل کر عالمی یومِ ماحولیات کی میزبانی کرے گا۔امسال عالمی یومِ ماحولیات کا موضوع ‘‘بحالیِ ماحولیاتی نظام ’’ ہو گاا ور توجہ کا مرکز فطرت کے ساتھ تعلق کو دوبارہ بہتر کرنا رہے گا اور اسطرح اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی نظام کی بحالی کی صدی کا با قاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ عالمی یومِ ماحولیات ہر سال 5 جون کو منایا جا تا ہے۔ یہ دن دنیا بھر میں ماحولیات کے متعلق آگاہی بیدار کرنے اور اقدامات کو فروغ دینے کا اہم دن گردانا جاتا ہے۔ وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی نے ایک بیان میں کہا کہ اقوامِ متحدہ کی پانچویں ماحولیاتی اسمبلی کے موقع پر یو این ای پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینگر اینڈرسن سے مشترکہ طور پر ماحولیاتی تحفظ اور اس کے نقصان کی روک تھام اور عالمی طور پر ماحولیاتی نظام کی بحالی کے بہترین طریقے دوبارہ استعمال کرنے کے ارادہ کو تسلیم کیاہے۔