وکلا ہڑتال،نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس پر احسن اقبال کیخلاف سماعت ملتوی
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)احتساب عدالت کے جج سیداصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت سابق وفاقی وزیر احسن اقبال وغیرہ کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت وکلا ہڑتال کے باعث ملتوی کردی گئی۔منگل کے روز سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیر احسن اقبال سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے یوکلا کی ہڑتال کے باعث سماعت بنا کسی کارووائی کے10مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل ،سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جھوٹے بے بنیاد مقدموں کا مقصد کردار کشی کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج تک ایک پیسے کی کرپشن کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا ،پانچ سالوں میں 32 سو ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا جو ریکارڈ ہے، دفاع اور ترقیاتی کاموں پر ایک، ایک ہزار ارب روپے سے زائد خرچ کیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ڈویلپمنٹ کو بھی پاکستان کے دفاع کا ذریعہ سمجھتے ہیں ہماری فوج صرف گولہ بارود یا میزائلوں سے جنگ نہیں جیت سکتی جنگ جیتنے کے لیے مضبوط فوج کے ساتھ توانا قوم کی بھی ضرورت ہے خالی بندوقوں اور ٹینکوں سے دفاع ناقابل تسخیر نہیں ہو سکتا روم کے پاس سب سے بڑی فوج تھی مگر ڈاؤن فال اس وقت شروع ہوا جب وہ اپنی فوج کو تنخواہوں کے پیسے نہ دے سکی ۔