3 جماعت اسلامی ملک کو سیکولرائز کرنے کی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں 600 کے قریب خاندانوں کی حکومت ہے جنہوں نے ملک کے وسائل پر قبضہ کر کے عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم کر رکھا ہے۔ پاکستان میں سونے کے وسیع ذخائر، چار موسم ، بہترین آبپاشی نظام ہونے کے باوجود لاکھوں افراد روٹی کے لقمے کے لیے ترس رہے ہیں۔ حکمران طبقہ نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ پی ٹی آئی نے دوسرے وعدوں کی طرح یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ مغربی طاقتوں کے ایجنٹ قومی زبان کی ترویج و ترقی کے لیے کام کرنے سے گریزاں ہیں۔ عربی تعلیم کو لازمی قرار دیا جائے۔ جماعت اسلامی ملک کو سیکولرائز کرنے کی سازشوں کا بھر پور مقابلہ کرے گی۔ ریاست مدینہ ہم بنائیں گے ، طلبہ جدوجہد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ اسد علی ، ناظم جنوبی پنجاب سعد سعید، ناظم پنجاب شمالی احسن بلال ہاشمی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یکم جنوری 2020 ء سے پورے ملک میں یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ کیا تھا جو تاحال پورا نہیں ہوا بلکہ مستقبل قریب میں اس کے پورا ہونے کے آثار بھی نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان طلبہ و طالبات ملک کا مستقبل ہیں ، انہیں جدوجہد اور محنت پر یقین رکھنا چاہیے۔ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے۔