شاہد خاقان کیخلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت وکلا ہڑتال کے باعث ملتوی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کیخلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت وکلا ہڑتال کے باعث ملتوی کردی گئی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی عدالت پیش ہوئے،وکلا کی عدم موجودگی پر عدالت کے جج نے کہاکہ اللہ کرے یہ ہڑتال بھی ختم ہو جائے، عدالت نے ایڈوکیٹ چوہدری سفیر اختر مفتاح اسماعیل کا نمائندہ مقررکردیا معاون وکیل نے کہاکہ مفتاح اسماعیل کے وکیل جرح کریں گے، 11 بجے تک پیش ہو جائیں گے،جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ جس نے رکنا ہے جرح کے مشاہدے کیلئے رک سکتا ہے، باقی سب جا سکتے ہیں،عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت میں وقفہ اور بعد ازاں سماعت 2مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔سماعت سے قبل احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے بتایا کہ پوراعدالتی نظام اسلام آباد میں مفلوج ہے۔ اسلام آباد میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا مسئلہ حل ہونا چائیے ۔وکلاکوچیمبرز کی جگہ ملنے چائیے۔جوجج صاحبان کیساتھ ہوااس کا بھی کوئی دفاع نہیں کرسکتا۔ضمنی انتخاب سے متعلق انھوں نے کہا کہ ڈسکہ میں جوضمنی انتخاب کے دوران ہوا اس کی تحقیقات کیلئے ابھی تک نہ آئی جی پنجاب مل رہا نہ چیف سیکرٹری سے بات ہوئی ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ری پولنگ کر لیں لیکن یہ بات ری پولنگ کی نہیں ہے۔