ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف سرکاری اشتہارات میں غیر قانونی تقسیم کے خلاف ریفرنس میں شریک ملزم فاروق اعوان کی ای سی ایل سے نام نکالنے اور نمائندہ کے ذریعے حاضری کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔منگل کے روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر مرزا عثمان عدالت پیش ہوئے۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی، ریاض عشر، محمد حنیف، فاروق اعوان، محمد سلیم اور انعام اکبر کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائرکی گئی جبکہ شریک ملزم فاروق اعوان کے وکیل کی جانب سے ان کے وکیل نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ میرے موکل کو صحت سے متعلق مسائل ہیں اور بیرون ملک ہے، اس کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے اور نمائندہ کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت دی جائے جس پر نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے وکیل صفائی کے موقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہاگیا کہ کسی بھی رعایت کیلئے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔دلائل سننے کے بعدعدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی۔