امریکہ نے میانمار کے 2 مزید فوجی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دیں
واشنگٹن(شِنہوا)امریکہ نے میانمار کے 2 فوجی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے 2 مزید فوجی عہدیداروں کو نامزد کیا ہے جو میانمار کی ریاستی انتظامیہ کونسل کے ممبر ہیں۔رواں ماہ کے شروع میں امریکہ نے 10 موجودہ اور سابق فوجی عہدیداروں کو نامزد کیا تھا اور میانمار کی فوج یا سیکورٹی فورسز سے متعلق 3 اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا تھا۔یکم فروری کو میانمار میں فوج نے صدر یوون مائی انٹ اور ریاستی کونسلر آنگ سان سوچی کے ساتھ نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی)کے دیگر عہدیداروں کو گرفتار کرتے ہوئے ملک میں ایک سالہ ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔فوج نے الزام لگایا تھا کہ نومبر 2020 میں ملک کے عام انتخابات کے دوران ووٹنگ میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی جس کی وجہ سے این ایل ڈی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریتی نشستیں حاصل کی تھیں۔