فلپائن میں 9 مشتبہ خودکش بمبار خواتین گرفتار
منیلا(شِنہوا)فلپائن کی سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں ملک کے جنوبی صوبہ سولو میں خودکش بمبار ہونے کے شبہ پر 9 خواتین کو گرفتار کیا ہے۔فلپائنی مسلح افواج کی مغربی میندانا کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کارلیتو ونلون نے منگل کے روز بتایا کہ فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم نے صوبہ سولو کے قصبوں جولو اور پاتیکول میں بیک وقت کی جانیوالی کارروائیوں کے دوران 9 ممکنہ خودکش بمباروں کو گرفتار کیا ہے۔ونلون نے کہا کہ 9 خواتین خود کش دھماکوں کے رحجان کا شکار تھیں۔ ونلون نے کہا کہ وہ ابھی بھی واقفیت کے مرحلے پر تھیں جبکہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد جمع کیا جا رہا تھا۔مشتبہ خواتین میں گزشتہ سال جولائی میں فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے جانیوالے ابوسیاف کے رہنما حاتب حاجان سوادجان کی بہن اور 3 بیٹیاں بھی شامل ہیں۔ سواد جان پر اس دور دراز صوبے میں مبینہ طور پر متعدد خود کش دھماکوں کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد تھا۔