قومی سیاست کے نرالے رنگ

کراچی میں کرکٹ میلہ سجا ہواہے ، پی ایس ایل ایڈیشن 6میں شائقین کرکٹ کی دلچسپی ظاہر کر رہی ہے کہ قوم سپورٹس سرگرمیوں کی بحالی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔اللہ کرے میرے وطن میں سیاحت اور سپورٹس سمیت تمام سرگرمیوں کے چراغ یوں ہی روشن رہیں ۔پاکستان میں سیاحت اور سپورٹس کا ایسا گلدستہ کھلے جس کی خوشبو چہار عالم می محسوس کی جائے ۔پچھلے دونوں قوم نے پہاڑوں کے فرزند محمد علی سدپارہ کی جدائی کی روح فرسا خبر دکھی دل کے ساتھ سنی ۔دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی پر پاکستانی پرچم لہرانے والے محمد علی سدپارہ نے کمال کر دیا ،واپسی میں وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ لاپتہ ہوئے اور پھر پہاڑ کے بیٹے کو پہاڑوں نے اپنی آغوش میں لے لیا ۔ہم محمد علی سدپارہ کو بھولے ہیں نہ انشاء اللہ ان کی یادوں کے چراغ کی روشنی کم ہوگی ۔کے ٹو اور پی سی ایل کے ساتھ فروری میں ہی ضمنی الیکشن کا غلغلہ بلندہوا یہ وہی ضمنی الیکشن ہیں جس میں ووٹ چوری کی بجائے پولنگ عملے کی چوری کی داستانیں زبان زد عام ہیں ۔الیکشن کمشن نے تمام صورتحال کا نوٹس لیا ہوا ہے ۔دیکھتے ہیں کہ ووٹر ز میں مایوسی پھیلانے اور امیدواران کی خواہشات کے خلاف اور اپنی ڈیوٹی کے برعکس سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کو کیا سزا ملتی ہے ؟ قوم حقائق جاننے کی منتظر ہے ۔ڈسکہ (سیالکوٹ) میں این اے 75کا الکیشن رزلٹ آیا ہوا ہے اس ضمن میں الیکشن کا افسوسناک پہلو دو انسانی جانوں کا نقصان ہے۔ پرتشدد ،فائرنگ زدہ اورخونیں انتخابات کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔اختیارات کے حامل اداروں کو صورت حال کا نوٹس لے کر ایسے امور انجام دینے چاہیں کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات نہ دھرائے جائیں ۔سندھ ،پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے ضمنی انتخابات انتظامی اعتبار سے الیکشن کمشن اور صوبائی حکومتوں کے لئے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ویسے بھی انتخابات پرامن ماحول میں ہوں اور نتائج آزادانہ ماحول میں فراہم کئے جائیں تو عوامی و سیاسی حلقوں میں ایسی تعمیری سرگرمی کی داد ملتی ہے ۔ اگر انتخابات اور رزلٹ مروجہ قائدے اور ماحول سے مطابقت نہ رکھیں تو پھر شکوک وشبہات کے ساتھ جانبداری کے کانٹے میں بھی نمودار ہو جاتے ہیں ۔نوشہرہ میں PK63 کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کی شکست غیر معمولی ہے،وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے پسوال گائوں ٹیکسلا میں فراہمی سوئی گیس کی افتتاحی تقریب میں شکست تسلیم کرنے کو اپنی گفتگو کا حصہ بنایا ،اس کے برعکس وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک دعویدار ہیں کہ نوشہرہ میں دھاندلی ہوئی ہے ۔جعلی ووٹ ڈالے گئے اور چھ ہزار ووٹ کا کوئی ریکارڈ نہیں ،مرزا غالب یاد آگئے
آئینے سے بگڑ کے بیٹھ گئے
جن کو صورت جنہیں نظر آئی
پی ایم ایل این کی مرکزی نائب صدر مریم نواز ڈسکہ انتخابی مہم میں پیش پیش تھیں ،21فروری کو الیکشن کے بعد انہوں نے یہاںکا دورہ کیا ، اس وزٹ کا مقصد ووٹرز کا شکریہ اور جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کرنا تھا ان کا کہنا تھا کہ اگر دو انسانی جانوں کے بدلے مسلم لیگ ن کو دو سیٹیں ملنا تھیں تو یہ نامنظور تھا ہم کارکنوں کی جان کے صدقے یہ دونوں سیٹیں حکمرانوں کو گفٹ کردیتے ۔ہمارے نزدیک سیٹ اور جیت سے زیادہ کارکن اہم ہیں ،دوسری طرف وفاقی اور صوبائی وزراء مسلسل مخالفین پر تنقید کے نشتر چلا رہے ہیں ۔تین روز قبل ڈسکہ میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز ،معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ،وفاقی وزیر فواد چوہدری عثمان ڈار اور علی اسجد ملہی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست دھونس اور دھاندلی پر مشتمل ہے مخالفین پر اپنی سیاسی اجارہ داری ختم ہونے کا خوف طاری ہے اسی خوف کا اثر ڈسکہ الیکشن میں ظاہر ہوا ۔!! ہم ان ہی کالمو ںمیں کہتے رہے ہیں کہ وطن عزیز کی سیاست میں شدید ترین نتقید اور الزام تراشی کے سلسلے روک کر نئی روایات ڈالی جائیں ۔جب گفتگو ،اجتماع اور جلسوں میں ادب اور روایت کو نظر انداز کیا جائے گا تو پھر صورت حال بند گلی میں چلی جائے گی ۔کیا آج ہماری سیاست بند گلی کی طرف نہیں جا رہی ؟حیرت ہے اقتدار پر براجمان جن صاحبان اختیار نے ارفع روایات کا پرچم بلند کرناہے وہ خود ماضی کی بجھی سیاست کی آگ سے شعلے تلاش کر رہے ہیں۔ایسا نہیں ہونا چاہئے سلطان لاکھانی نے شائد ایسی صورت حال کیلئے کہا تھا
گلہ تو تم سے بہت ہے مگر محبت بھی
وہ بات اپنی جگہ ہے یہ بات اپنی جگہ
پاکستانی سیاست اور پارلیمنٹ سے شعراء اور ادباء کی زبان میں گفتگو کرنے والا میٹھا اور پیارا سیاست دان مشاہد اللہ 13 فروری کو فانی جہاں سے باقی جہاں منتقل ہوئے اللہ پاک غریق رحمت کرے ۔بابائے جمہوریت نواب زادہ نصراللہ خان کے بعد قومی سیاست میں شعر خوانی کی شمع مشاہداللہ خان نے ہی روشن کی ہوئی تھی وہ بڑی سے بڑی بات اہم اور حساس موضوع پر تبصرہ شعر کے ذریعے کرنے کا ہنر جانتے تھے ۔پاکستانی سیاست اور پارلیمنٹ میں ان کا کردار زندہ رہے گا ۔
اب جس کی مر ضی آئے وہ لے جائے روشنی
ہم نے تو دل جلا کے سرعام رکھ دیا