سینٹ الیکشن : پنجاب اسمبلی سپیکر چیمبر میں اجلاس‘ ضروری فیصلے کئے گئے

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں سینٹ الیکشن کے سلسلہ میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی زیر صدارت سپیکر چیمبر میں اجلاس ہوا جس میں حکومتی اور الیکشن کمشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ حکومت کی نمائندگی راجہ بشارت، چوہدری ظہیر الدین، میاں شفیع محمد نے کی اور اپوزیشن کی جانب سے خلیل طاہر سندھو، ندیم کامران اور سمیع اللہ خان جبکہ پیپلز پارٹی کے سید حسن مرتضی شریک ہوئے۔ محمد خان بھٹی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں سینٹ کے انتخابی عمل کو احسن انداز سے چلانے کیلئے ممکنہ فیصلے کئے گئے ۔ سینٹ الیکشن کے روز ایوان ضابطے کے تحت الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔ جس کیلئے اسمبلی سے ضابطے کارروائی منظور کروائی جائے گی۔ سینٹ انتخاب میں اسمبلی کارڈ شناخت اور ووٹ کے لئے استعمال ہو گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اجلاس کا مقصد سینٹ الیکشن ڈے کے لئے چیزوں کو حتمی شکل دینا ہے۔ امید ہے ایوان بالا کے انتخاب میں تمام سیاسی جماعتیں اور ارکان کا ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں گے۔