اندرون سندھ ٹریفک حادثات نے 3افراد کی جان لے لی، درجنوں زخمی
لاڑکانہ/سکھر/کھپرو/پڈعیدن(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران ) اندرون سندھ ٹریفک حادثات نے 3 افراد کی جان لے لی‘درجنوں مسافر زخمی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے قریب تھانہ بقاپور کی حدود اوٹھا چوک پر تیز رفتار ٹرالر اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں تحصیل وارہ کے گاؤں شفیع محمد کا رہائشی 50 سالہ ضعیف شخص عطا محمد چھٹو اور ان کے چچا زاد بھائی بہادر چھٹو شدید زخمی ہوئے۔ اطلاع پر حد ودکے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر ٹرالر تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرکے لاک اپ کرنے کے بعد زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے عطا محمد چھٹو جان بحق ہوگئے جبکہ زخمی کو طبی امداد دی گئی، اس موقع پر زخمی بہادر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چچا زاد بھائی کے ہمراہ گمبٹ کام کے سلسلے میں جارہے تھے کہ اوٹھا چوک پر تیز رفتار ٹرالر اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں حادثے کا شکار ہوئے، ۔کھپرنامہ نگار کے مطابق کھپرو کے قریب رکشہ اور ڈاڈسن میں ٹکر شاگرد جاںبحق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق کھپرو کے قریب گاؤں ناگنا کا رہائشی 6 کلاس کا شاگرد شہر سے رکشہ میں گاؤں جاتے ہوئے سامنے سے انے والی کپاس سے بھری ہوئی ڈاٹسن سے ایکسیڈنٹ ہو گیا جس کے نتیجے میں معصوم شاگرد 12 سالہ محمد اسماعیل ولد اوبایو ہنگوروں شدید زخمی ہو گئے جس کو تعلقہ اسپتال کھپرو منتقل کیا مگر راستے میں شاگرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو گیا۔پڈعیدن سے نامہ نگار کے مطابق مہران ہائی وے پر جلالجی کے قریب تیز رفتار کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجہ میں دونوں گاڑیوں کی زد میں آ کر موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا پولیس کے مطابق متوفی شخص کی شناخت بھنگو بھہن کے رہائشی 70 سالہ محمد علی جونیجو کے نام سے ہوئی حادثہ کے بعد کار اور ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے جبکہ اطلاع کے تین گھنٹہ کے باوجود تعلقہ اسپتال پکاچانگ سے ایمبولینس نہ پہنچنے پر ورثہ نے لاش روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔