انصاف کا علامتی جنازہ ،معذوروں کی حقوق کیلئے بھوک ہڑتال
کنری(نامہ نگار) اپنے مطالبات کے حق میں معذور افراد ٹاؤن کمیٹی کنری آفس کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ بدستور جاری ہے معذور افراد نے چارپائی پر انصاف کا علامتی جنازہ رکھ کر شہر میں گشت کیا اور بعد ازاں نیشنل پریس کلب کے سامنے علامتی جنازہ رکھ کر شدید احتجاج کیا اور انصاف دو کے نعرے لگائے اس موقع پر معذور ایسوسی ایشن تعلقہ کنری کے صدر قاضی ساون ودیگر نے میڈیا والوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے والوں میں زیادہ تر نوجوان تعلیم یافتہ ہیں وفاقی وصوبائی حکومتوں کی جانب سے ہر ڈپارٹمنٹ میں معذوروں کا کوٹہ مختص ہے لیکن تعلقہ کنری واحد تعلقہ ہے جہاں معذور کو کبھی سرکاری ملازمت نہیں ملی معذوروں کی مراعات اور فنڈز کرپٹ افسران ہڑپ کر جاتے ہیں ان کے کوٹہ پر کون بھرتی ہوا کسی کو معلوم نہیں۔ ہمیں بتایا جائے انہوں نے کہا کہ پہلے معذوروں کی حق تلفی ہوتی رہی مگر اب ایسا نہیں ہونے دینگے انہوں نے کہا کہ ڈی سی عمرکوٹ سے ملاقات کی لیکن وہ ان کی یقین دہانیوں سے مطمئن نہیں ڈی سی نے ان کو لولی پوپ دینے اور روایتی ڈائلاگ سے بہلانے کی کوشش کی ان کا زیادہ زور مسائل حل کرنے پر نہیں بلکہ احتجاج ختم کرنے پر تھا انہوں نے پی پی پی کے ایم این اے نواب محمد یوسف تالپور اور صوبائی وزیر نواب تیمور تالپور سے اپیل کی کہ وہ ان کے ساتھ ہونے والی ان گنت زیادتیوں کا نوٹس لیکر تعلقہ کنری کے تعلیم یافتہ ودیگر معذوروں کو ان کی کوٹہ کے تحت ملازمتیں اور مراعات دلوائیں تاکہ وہ اپنے بیوی بچوں اور خاندان والوں بہتر کفالت کر سکیں انہوں نے متنبہ کیا کہ ان کے مطالبات منظور نہ ہوئے تو معذور آئندہ اللہ والا چوک پر علامتی طور پر پھانسیاں لگالینگے ۔