ضمنی انتخابات: گنتی میں بے ضابطگی‘ انتخابی نظام میں بہتری نظر آئی: فافن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے 16سے 22 فروری ضمنی انتخابات پر رپورٹ جاری کر دی۔ فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی 5 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے گئے۔ ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر انتخابی نظام میں واضح بہتری نظر آئی۔ این اے 75 ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کے دوران بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں جس کے باعث الیکشن کمشن کو این اے 75 ضمنی الیکشن کا نتیجہ روکنا پڑا۔ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی‘ غیرقانونی الیکشن مہم عمومی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ ضمنی الیکشن میں ووٹوں کی پولنگ اور گنتی کے عمل میں بہتری آئی۔ این اے 75 میں پولنگ سٹیشنز کے باہر الیکشن کمشن کو انتظامی امور میں بہتری کی ضرورت ہے۔ شفاف انتخابات کی راہ میں حائل سرکاری افسران کو جرمانے اور سخت سزائیں دی جائیں۔ این اے 75 کے واقعات کے باوجود حالیہ ضمنی انتخابات 2018 ء کے عام انتخابات سے بہتر تھے۔ 71 فیصد پولنگ سٹیشنز کے آٹھ حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران خلاف ورزی دیکھنے میں نہیں آئی۔