سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد تشہیرکیس ، بنچ تبدیلی کی درخواست پر اعتراضات ختم
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد تشہیرکیس میں مجرمان کی طرف سے سزائے موت کے خلاف اپیلیوں میں مدعی مقدمہ کی طرف سے بنچ تبدیلی کی درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز حافظ احتشام کی درخواست پر سماعت کے دوران طارق اسد ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے، چیف جسٹس نے درخواست گزار وکیل سے کہاکہ اس طرح کے کیسز میں ججز پر عدم اعتماد کامطلب جج کے ایمان پر شک کرناہے،کیا آپ کے مکل کو میرے ایمان پر کوئی شک ہے،اگر آپ کے مکل کو میرے ایمان پر شک ہے تو واضح طور پر اس کا اظہار کیجئے،ہم بھی مسلمان ہیں،ہمارے متعلق اس طرح کے کیسز میں شک و شبہ نہیں ہونا چاہئیے، درخواست گزار وکیل نے کہا کہ مجھے یا میرے مکل کو کسی کے ایمان پر کوئی شک نہیں ہے،اس کیس میں آپ پر اعتراض کی وجوہات آپ کو چیمبر میں دی گئی درخواست میں درج ہے، میرے مکل نے آپ کے ایمان پر شک نہیں کیا،چیف جسٹس نے کہاکہ آپ ایک دفعہ پھر اپنے مکل سے ہدایات لے لیں،ذرہ سوچ لیں کہ آپ کا اس کیس میں مجھ پر اعتراض کرنا میرے ایمان پر کہیں شک تو نہیں ہے اورآپ آئندہ سماعت پر اس متعلق اپنا موقف عدالت میں پیش کریں، عدالت نے مذکورہ بالا ہدایات جاری کر دیں۔