محکمہ جیل میں خود احتسابی شروع افسروں کے ملازمین ، گھروں ، گاڑیوں کی تفصیل طلب
لاہور (میاں علی افضل سے) صوبائی وزیر جیل خانہ فیاض الحسن چوہان کی جانب محکمہ جیل خانہ جات کی بہتری کے لئے خود احتسابی کا عمل شروع کر دیا گیا جس کے لئے سپیشل برانچ کی خدمات بھی لے لی گئیں ہیں اور افسران کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ افسران کے پاس موجود ملازمین، گھروں اور گاڑیوں کی بھی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں جس کے لئے سپیشل برانچ کو سپیشل ٹاسک سونپا گیا ہے۔ محکمہ میں کالی بھیڑوں کے خاتمے کیساتھ ساتھ اب اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے والے افسران کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ افسران کے ٹی اے ڈی اے کی بھی چیکنگ کا امکان ہے۔ دوسری جانب محکمہ جیل خانہ جات کے افسران شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے بے جا چیکنگ اور نت نئے فیصلوں سے فورس کا مورال ڈائون ہو رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے میٹنگ میں صوبائی وزیر کی جانب سے جیل خانہ جات کے افسران کو بتایا گیا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ افسران نے 10یوں ملازم غیرقانونی طور پر رکھے ہوئے ہیں اور جبکہ محکمہ ان ملازمین کی تنخواہ ادا کررہا ہے۔ اس غیرقانونی اقدام کو اینٹی کرپشن میں بھجوایا جا رہا ہے۔ تمام ذمہ داروں کیخلاف بھرپورکارروائی کی جائے گی۔ بعد ازاں ایک اعلیٰ شخصیت کی فوری مداخلت پر صوبائی وزیرکی جانب معاملے کو سپیشل برانچ کو بھجوا دیا گیا ہے اور چیکنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ سرکاری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے پٹرول کی بھی چیکنگ کی جائے گی۔