رائیونڈ و گردو نواح میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر‘شہری گندگی سے جنازہ لے جانے پر مجبور

رائیونڈ+سندر(نامہ نگاران)رائیونڈ مانگار روڈ،سندر روڈ ، لاہور روڈ، اڈاپلاٹ ، بھائی کوٹ و گردونواح میںجہاں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ہیں وہیں سیوریج سسٹم بند ہونے کے باعث رائیونڈ شہر کے اندرون کے علاقوں سمیت سندر روڈ ، مل لاہور روڈ پر شہریوں کا گزرنا محا ل ہو چکاہے جبکہ دوسری طرف انتظامیہ کی بے حسی اس وقت دیکھنے کو ملی جب رائیونڈ مانگاروڈ کے رہائشی اپنے پیارے کا جنازہ بابا بہار شاہ قبرستان لے کر پہنچے تو گیٹ کے سامنے پڑے کوڑے کے ڈھیر سے ان کو جنازہ لے کر گزرنا پڑا۔ایل ڈبلیو ایم سی انتظامیہ سے رابطہ پر زونل افسرعلی رضا نے اپنا مئوقف دیتے ہوئے کہا کہ کوڑے کو روزانہ کی بنیاد پر اٹھایا جاتا ہے ۔اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مزید عملہ تعینات کرنے اور عرصہ دراز سے تعینات عملہ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔