ڈیم بنا کر معیشت کو بچانا ممکن ہے مگر توجہ نہیں دی جا رہی ہے، میاں زاہد
کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملکی آبادی میں تیز رفتاری سے اضافہ کے ساتھ پانی میں مسلسل کمی معاشی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی،آبادی میں اضافہ کو روکنااور اس کے ساتھ ساتھ ڈیم بنا کر ملکی زراعت اور صنعت کو بچانا ممکن ہے جسے نظر انداز کیا جا رہا ہے،قومی اہمیت کے اس اہم ترین معاملہ پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہونا پڑے گا۔میاں زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ابتدائی ایام میں ڈیموں کی تعمیر کے بارے میں سنجیدہ نظر آتی تھی مگر اب ایسا نہیں لگ رہا ہے، پاکستان میں فی کس پانی کی دستیابی مسلسل کم ہو رہی ہے اور 1951سے اب تک اس میں ایک ہزار کیوبک میٹر سے زیادہ کی کمی واقع ہو چکی ہے،دیگر ممالک اوسطاًاپنے دریائوں کا چالیس فیصدپانی ذخیرہ کر رہے ہیں جبکہ پاکستان بمشکل دس فیصد پانی زخیرہ کرنے کی گنجائش رکھتا ہے ،امریکہ نو سو دن کی ضروریات کا پانی محفوظ رکھتا ہے۔