کرونا : مزید 41 ہلاکتیں ، ویکسینیشن ہدف مکمل نہ ہونے پر سیکرٹری صھت پنجاب کا نوٹس
اسلام آباد‘ لاہور‘ فصل آباد‘ ساہیوال (وقاع نگار خصوصی‘ آئی این پی‘ آن لائن‘ نمائندہ نوائے وقت) گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبرپی کے میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 41 اموات ہوئیں جن میں سے 13 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1 ہزار 50 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 27 فیصد,لاہور میں 39 فیصد، پشاور میں 24 فیصد اور اسلام آباد میں 33 فیصد مریض ہیں۔ اسی طرح بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 250 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 24 ہزار 483 ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 73 ہزار 384 ہے۔ مزید41 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 12 ہزار 658 ہوگئی، پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 73 ہزار 384 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 978 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد11 کروڑ 22 لاکھ 61ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 24 لاکھ 85 ہزار364 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔دنیا میں کرونا کے 8 کروڑ87 لاکھ 86 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے اور 2 کروڑ 19 لاکھ 89 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کرونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 5 لاکھ 12 ہزار590 اموات ہوچکی ہیں اور 2 کروڑ 88 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ کویت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی بری اور سمندری سرحدیں تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین کی وزارت قومی دفاع نے کہاہے کہ چین کی پیپلزلبریشن آرمی (پی ایل اے) نے منگولیا کی فوج کی درخواست پر کرونا وائرس ویکسینزکی ایک کھیپ فراہم کردی ہے۔ فیصل آباد میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 17 افراد میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔ آن لائن کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں زیرعلاج کرونا وارڈز میں 84 سالہ عبدالستار ولد فضل دین، 34 سالہ نادیہ زوجہ جاوید، 35 سالہ ساجد زوجہ افتخار اور 45 سالہ افضل ولد بشیر احمد زندگی کی بازی ہار گئے، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ساہیوال میں کرونا وارڈ میں کرونا سے دو خواتین سمیت تین جاں بحق ہو گئیں۔کرونا سے چک164۔نو ایل کی کوثر 73سالہ ،چیچہ وطنی کا مومن78سالہ اور چک 35۔بارہ ایل کی60سالہ بشیراں شامل ہیں۔کرونا مشتبہ ہونے کی بنا پر ان تین مریضوں کو 19اور20 فروری کو ایمرجنسی آئسولیشن وارڈ ڈسٹرکٹ ھیڈ کوارٹر ٹیچنگ میں داخل کرایا گیا تھا کہ آج دم توڑ گئے۔ جبکہ آئسولیشن کرونا وارڈ میں ایک پازیٹو مریض ہے۔صوبہ کے بیشتر اضلاع کرونا ویکسی نیشن کا 50 فیصد ہدف مکمل کرنے میں ناکام ہونے پر سیکرٹری ہیلتھ کیپٹن (ر) عثمان نے سخت ایکشن لینے کا عندیہ دیا ہے ،ساتھ تمام اضلاع میں اگلے 48 گھنٹوں میں ہدف مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، حافظ آباد، بہاولپور، میانوالی، اٹک، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور ملتان میں 50 فیصد سے کم فرنٹ لائنرز کو ویکسین کیا گیا ہے۔ مظفر گڑھ، لیہ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، سرگودھا، خانیوال اور بھکر میں 80 فیصد رجسٹرڈ ہیلتھ کیئر ورکرز کو کرونا ویکسین لگائی گئی۔ 100 فی صد ٹارگٹ مکمل کرنے پر ضلع ساہیوال کی محکمہ صحت انتظامیہ کو سراہا ۔ 50 فیصد سے کم ٹارگٹ حاصل کرنیوالے اضلاع کو فوری طور پر رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔