پنجاب اسمبلی میں مہنگے مرغی کے گوشت ڈراموں میں بیرونی ثقافت کیخلاف‘ مسلم لیگ (ن) کو ضمنی الیکشن کی مبارکباد کی قراردادیں
لاہور (این این آئی + آئی این پی) مرغی کا گوشت 339 روپے کلو فروخت ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں اظہار تشویش کی قرارداد جمع کروا دی گئی۔ مسلم لیگ (ن)کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہو چکا ہے۔ قیمت میں فوری کمی لائی جائے۔ جبکہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن )کی کامیابی پر مبارکباد کی قرارداد رکن اسمبلی رابعہ فاروقی کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے اب عمران خان کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے فوری مستعفی ہو جانا چاہئے۔ آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان اس امر کی سفارش کرتا ہے کہ ٹیلیویژن پر نشر ہونے والے ڈراموں میں پاکستانی ثقافت کو فروغ دیا جائے۔ بیرونی ثقافت کی یلغار سے عوام میں اخلاقی، مذہبی اور پاکستانی ثقافتی قدروں کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔