نارووال :نارووال غلطی سے سرحد پار کرنے پر بھارتی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون کو آبائی گاﺅں تاج پورہ میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نارووال کے نواحی گاﺅں تاج پورہ کے رہائشی محنت کش محمد اکرم کی 22سالہ بیٹی گلشن بی بی جس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، تین روز قبل رات کی تاریکی میں گھر سے باہر نکلی اور غلطی سے پاکستان بھارت انٹرنیشنل بارڈر کراس کر کے بھارتی حدود میں داخل ہو گئی تھی۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے کسی وارننگ کے بغیر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس پر گلشن بی بی شدید زخمی ہو گئی۔ بھارت میں غیر انسانی سلوک روا رکھتے ہوئے زخمی خاتون کو طبی سہولیات تک مہیا نہ کی گئیں جس پر وہ ایک روز بعد ہی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی۔گذشتہ روز واہگہ بارڈر پر بھارتی فوج کی جانب سے گلشن بی بی کی میت پاکستان رینجرز کے حوالے کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال نارووال میں گلشن بی بی کا پوسٹمارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے پولیس تھانہ صدر نارووال نے گلشن بی بی کی میت لواحقین کے حوالے کر دی۔گذشتہ رات گلشن بی بی کی نمازجنازہ گاﺅں تاج پورہ میں ادا کردی گئی۔ نمازجنازہ میں عزیز و اقارب کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال اور سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ بعدازاں گلشن بی بی کو تاج پورہ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024