نیب معیشت کیلئے زہر قاتل ہے: فضل الرحمن
کراچی(نوائے وقت نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نیب معیشت کے لئے زہر قاتل ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور ایم ایم اے کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کراچی پرس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں ایک محلہ اور گلی چلانے کی صلاحیت نہیں، پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے ہزاروں گھر گرادیئے، چار ماہ قبل ڈالر 110 روپے کا تھا آج 140 پر پہنچ گیا ہے۔فضل الرحمن نے کہا کہ آئی ایم ایف ہم سے کھیل رہا ہے، جب تک ڈالر 150 روپے پر نہیں پہنچ جاتا آئی ایم ایف ہم سے بات بھی نہیں کرے گا، ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف بھارت آبی جارحیت پر اترا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت کو اپنا صوبہ بنایا گیا تو اس کا مطلب ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی حکومت کو آپ نے تسلیم کر لیا۔