لودھراں میں لاپتہ ہونے والی بچی 6 سالہ عاصمہ کی نعش 6 دن بعد مل گئی,بدفعلی کے شواہد ملے ہیں: ڈی پی او
لودھراں میں لاپتہ ہونے والی بچی عاصمہ کی نعش 6 دن بعد مل گئی، جس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے بدفعلی کے شواہد ملے ہیں۔لودھراں کے علاقے دنیا پور کی رہائشی 6 سالہ عاصمہ 19 فروری کی شام لاپتہ ہوئی تھی، جس کی نعش جمعہ کو گھر کے قریب گندے پانی کے جوہڑ سے ملی۔پولیس نے بچی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں بچی کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وسیم اقبال کے مطابق بچی کی موت 48 گھنٹے قبل ہوئی۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرامیر تیمور کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بچی سے بدفعلی کے شواہد ملے ہیں، تاہم اس کی حتمی تصدیق فرانزک رپورٹ کے بعد ہی ہوسکے گی۔ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ بچی کے قتل کے شبہ میں کچھ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔واضح رہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے ہفتہ کی صبح فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے ہیں، جس کی رپورٹ آئندہ 2 سے 3 روز میں موصول ہوگی۔ بچی کو گذشتہ روز مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔