لاہور (صباح نیوز)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت اور قومی احتساب بیورو میں تناو کے تناظر میں نیب لاہور آفس کی سیکیورٹی کے لیے اضافی رینجرز تعینات کر دی گئی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق نیب ذرائع نے بتایا کہ رینجرز کی اضافی کمپنی چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی درخواست پر تعینات کی گئی ہے۔نیب آفس کے باہر گزشتہ شام ہی کو رینجرز اہلکار تعینات کر دیے گئے تھے، تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے اور نیب آفس کی حفاظت کے لیے رینجرز کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔واضح رہے کہ نیب نے 21 فروری کو کارروائی کرتے ہوئے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاوسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔نیب حکام کی جانب سے اگلے ہی روز احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کردیا۔دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ احد چیمہ ایک بہترین افسر ہیں اگر نیب کی جانب سے چیف سیکرٹری کو لکھ کر بھیج دیا جاتا تو وہ خود پیش ہوجاتے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024