باصلاحیت نوجوان خطاطوں کو تربیت کیلئے ترکی بھجوایا جائیگا،عرفان صدیقی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ قومی مقابلہ حسن خطاطی میں منتخب ہونے والے نوجوان خطاطوں کے فن پاروں کو کتابی شکل میں شائع کریں گے جبکہ باصلاحیت نوجوان خطاطوں کو اعلی تربیت کے لئے ترکی بھجوایا جائے گا۔ وہ ’صوفی عبدالمجید پرویں رقم قومی مقابلہ حسن خطاطی‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ مسجد نبویﷺ کے عالمی شہرت یافتہ خطاط استاد شفیق الزماں تقریب کے مہان خصوصی تھے۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ ملک بھر سے آنے والے چار سوفن پاروں میں سے بیس حتمی فن پارے ماہرخطاطوں پر مشتمل جیوری نے نہایت شفاف نظام کے ذریعے منتخب کرلئے ہیں۔ قومی مقابلہ خطاطی میں چمن، وزیرستان، بلوچستان سمیت ملک کے دوردراز علاقوں سے فن پارے بھجوائے گئے ہیں۔ اس نمائش کے ذریعے ان باصلاحیت خطاطوں کا کام قوم کے سامنے آیا ہے جو ہمارے لئے اعزاز اور افتخار ہے۔ قبل ازیں مشیروزیراعظم عرفان صدیقی نے مہمان خصوصی خطاط مسجد نبویﷺ استادشفیق الزماں، ایران، چین، فرانس، سری لنکا،کوریا سمیت دیگر ممالک کے سفارتکاروں کے ہمراہ خطاطی نمائش کاافتتاح کیا جو28فروری تک جاری رہے گی تقریب سے ادارہ فروغ قومی زبان کے سربراہ افتخار عارف نے بھی خطاب کیا۔