اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات آج ہوں گے
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے 2018-19ء آج بروز ہفتہ کو منعقد ہوں گے۔ 1737 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ صبح 9بجے سے دن ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد شام چار بجے تک ہو گی۔ صدارت ، جنرل سیکرٹری ، نائب صدر اور فنانس سیکرٹری کی نشستوں کے لئے 3 ، 3 امیدوار سامنے آئے ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔ لائبریری سیکرٹری اور ایگزیکٹو باڈی کے سات ممبران بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ صدارت کے لئے میر افضل ملک ، راجہ شفقت خان عباسی اور سید جاوید اکبر کے مابین مقابلہ ہوگا ، نائب صدر کے لئے اختر محمود، جی ایم چوہدری اور شوکت محمود مد مقابل ہوں گے ، جنرل سیکرٹری کے لئے علی مراد بلوچ ، راجہ فیصل یونس اور رانا عابد نذیر خان آمنے سامنے ہوں گے ، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر خاتون وکیل کلثوم اختر کا مقابلہ محمد آصف گوندل سے ہوگا ، فنانس سیکرٹری کے لئے رئیس عبدالواحد ، راجہ شیراز احمد جنجوعہ اور ریاض حسین اعظم میدان میں موجود ہیں ، لائبریری سیکرٹری عبدالشکور پراچہ بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ادھر سات ممبر ایگزیکٹو باڈی پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔