نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیروزگاری کاخاتمہ کیاجا سکتا ہے،سرتاج عزیز
اسلام آباد(نا مہ نگار) پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے مابین شراکت کو فروغ دینے کے حوالے سے سیکٹر اسکل کونسلز کا قیام قابلِ تحسین ہے ۔ اس سے مستقبل میں ہنر مند نوجوانوں کے روزگار کے امکانات میں بہت اضافہ ہوگا ۔ یہ بات پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیزگزشتہ روز نیوٹیک کے زیر اہتمام سیکٹر سکلز کونسلز کی افتتاحی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بیروزگاری ہمارے ملک کیلئے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کا واحد ؎حل ہمارے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر اپنے اور اپنے خاندان کی کفالت کے قابل بنانا ہے ۔اس موقع پر نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ سیکٹر سکلز کونسلز پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان پُل کا کردار ادا کریں گی جس سے پڑھی لکھی ہنر مند افرادی قوت پیدا ہوگی اور ملکی انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا ۔ فنی سیکٹر کے فروغ سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے ۔ اگر یہ گورنمنٹ ، انڈسٹری اور میڈیا کی ترجیح اول بن جائے تو ہمارے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ اس سیکٹر میں ہمارے ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت ہے ۔