پی آئی اے پائلٹوں نے نیا بحرا ن پیدا کر دیا‘ ایئر بس اڑانے پر اصرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کے ایئر بس اے320 طیارے پائلٹوں کے پسندیدہ جہاز بن گئے اور 70 سے زائد پائلٹوں نے اے ٹی آر کا کپتان بننے سے انکار کر دیا اس کے بجائے براہ راست ایئر بس اے320- اُڑانے کا مطالبہ کر دیا۔ جس کے بعد یہ سوال پیدا ہوگیا کہ اے ٹی آر طیارے کون اڑائے گا۔ اس طرح پائلٹ اپنے تیار کردہ فارمولے سے منحرف ہوگئے جس کے نتیجے میں بحران پیدا ہوگیا ہے اور یہ تنازع تاحال حل نہیں کیا جاسکا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے 777 کے فرسٹ آفیسرز کو فارمولے کے تحت کپتان بن کر اے ٹی آر طیارہ اُڑانا ہوتا ہے لیکن پائلٹوں کا مطالبہ ہے کہ وہ اے ٹی آر جہاز نہیں اُڑائیں گے ان کو براہ راست ایئر بس اے320- پر بطور کپتان تعینات کیا جائے۔