نوجوان نسل ذمہ داریاں نبھا کر ملک کو معاشی طاقت بنا سکتے ہیں
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)اقراء یونیورسٹی اسلام آباد میں ایوارڈز تقریب ہوئی جس میں بہترین کارکردگی کے حامل احمد ذیشان، محمد مصطفی خان، شہر بانو خان اور وردہ طارق کو ڈبل سکالر شپ ایوارڈ تفویض کئے گئے۔ طلباء و طالبات میں یہ ایوارڈز ڈین فیکلٹی ڈاکٹر اسلام اور ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عدنان نے تقسیم کئے۔ اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر عمران اور ڈیلی کنٹری نیوز کیایڈیٹر انچیف سردار حمید سمیت طلباء وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی ڈاکٹر اسلام اورہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عدنان نے طلباء وطالبات کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل اس ملک کا اصل سرمایہ ہے۔ اگر نوجوان نسل اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت سے نبھائیں تو ہمارا ملک نہ صرف ایک معاشی طاقت بن سکتا ہے بلکہ ترقی کی منازل تیزی کے ساتھ طے کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقراء یونیورسٹی کی انتظامیہ کو اپنے ہونہار طلباء و طالبات پر فخر ہے۔ با صلاحیت طلباء و طالبات کو سکالر شپ ایوارڈ کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔