پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز
چودھری اشرف
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں رنگ و نور کی برسات کے ساتھ آغاز ہو گیا۔ پہلے ایڈیشن کے مقابلے اس مرتبہ افتتاحی تقریب قدرے بہتر تھی جسے کروڑوں شائقین نے ٹی وی، سوشل میڈیا اور براہ راست سٹیڈیم میں جا کر دیکھا۔ افتتاحی تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیاتبھی جلوہ گر ہوئیں جنہوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے۔ پاکستان سپر لیگ ایک برانڈ بن چکا ہے جس کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔ دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا جس نے سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے لہو کو گرما دیا جس کے بعد علی ظفر نے ہوا کے دوش پر رقص کرتے ہوئے پرفارم کرتے ہوئے میدان میں سماں باندھ دیا۔ علی ظفر کی پرفارمنس کے بعد سٹیج پر معروف کمنٹیٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی آمد ہوئی جنہوں نے ٹیموں کو گراونڈ میں متعارف کراتے ہوئے سب سے پہلے پہلی مرتبہ لیگ میں شرکت کرنے والی ملتان سلطان کو آنے کی دعوت دی۔ بعد ازاں اسلام آباد یونائیٹڈ،کراچی کنگز، لاہور قلندرز، دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور پھر سب سے آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی میدان میں آمد ہوئی۔ اس کے بعد سٹیڈیم میں انتہائی خوبصورت انداز میں ہوا کے دوش پر رقص کراتے ہوئے ٹرافی میں میدان میں اتاری گئی جسے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے تھاما۔ رمیز راجہ نے تمام ٹیموں کے کپتانوں سے گفتگو کی جہاں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ اگر ہم ایونٹ میں ایک ٹیم ہو کر کھیلے اور پلان پر پورا اترے تو ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کریں گے۔ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے کہا کہ ہم گزشتہ دو ایڈیشنز میں اچھا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور توقعات پر پورا نہ اتر سکے لیکن اس مرتبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کراچی کنگز کی کپتانی کرنا اعزاز ہے، شاہدآفریدی کا ٹیم میں ہونا بہت بڑی بات ہے اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میری پوری توجہ پی ایس ایل پر ہے اور ہماری ٹیم کی طاقت بہترین باولنگ ہے جس کی بدولت ہم ایونٹ پھر جیتنے کی کوشش کریں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اپنی ٹیم کے کامبی نیشن کو شاندار قرار دیتے ہوئے اس مرتبہ جیت کا عزم ظاہر کیا۔ پاکستان سپر لیگ کی نئی ٹیم ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ میں سب ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتا ہوں۔ ہماری ٹیم نئی ہے اور ہم نے تجربہ کار کھلاڑی منتخب کیے ہیں جس کی بدولت بہترین کامبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔ آج ہمارے خاندان میں چھٹے فرد کا اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ دو ایڈیشنز کی شاندار کامیابی کے بعد پی ایس ایل تھری بھی انشاء اﷲ کامیاب ہوگا جبکہ سب کی مشترکہ کوششوں سے بہت جلد پی ایس ایل کے پورے ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں کروائیں گے۔ پی ایس ایل ہر گزرتے دن کے ساتھ ایک بڑا برانڈ بنتا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل کو ہمیں سیاست سے دور رکھنا ہے، یہ سیاسی جماعت، ہر طبقے اور ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے فرد کی ہے اور یہ تمام پاکستانیوں کا اثاثہ ہے۔ مایہ ناز صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور گلوکار شہزاد رائے نے اپنے فن کے جوہر دکھائے جبکہ امریکی گلوکار جیسن ڈیرولا بھی شائقین کو اپنی گائیکی اور ڈانس سے محظوظ کیا۔ علی ظفر نے ایک مرتبہ سٹیڈیم میں انٹری دی اور ان کی شاندار پرفارمنس کے بعد آتش بازی کے سحر انگیز منظر نے شائقین کی آنکھوں کو خیرہ کردیا جس کیساتھ پی ایس ایل کی یہ رنگارنگ اور دلاآویز تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ پی ایس ایل کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں میزبانی کے فرائض اداکارہ حریم فاروق اور بلال اشرف نے انجام دیے۔ جہاں دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے تیسزرے ایڈیشن کی شاندار تقریب کا انعقاد ہوا وہی پر میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کے آفیشلز اور کھلاڑی بھی پرجوش دکھائی دیئے کہ وہ اس تیسرے ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔ تیسرے ایڈیشن کا چیمپیئن کون بنے گا اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم شریک ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں کو انجری مسائل سے بھی محفوظ رکھنا ہوگا کیونکہ ایک ماہ کے طویل ایونٹ میں میچز کی تعداد پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہونے اور موسم کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث ٹیم مینجمنٹوں کو اپنے کھلاڑیوں کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا۔ وسیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ کی ہدایت پر ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ باولر حسن علی کو پاکستان سپر لیگ میں کم سے کم میچز میں کھیلانے کا مشورہ دیا ہے۔ بہر کیف پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے آغاز سے قبل لاہور قلندر اور پشاور زلمی کو ایک ایک انٹرنیشنل کھلاڑی سے محروم ہونا پڑا ہے جس میں لاہور قلندر ٹیم کو کرس لین کی خدمات سے محروم ہونا پڑا ہے جو ٹیم کے لیے ایک دھچکہ بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب پشاور زلمی کے بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن بھی انجری مسائل سے دوچار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ کے دوران کرپشن کی موثر روک تھام کے لیے ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔ ویب سائٹ کی خدمات حاصل کرنے کا بنیادی مقصد پاکستان سپر لیگ کے دوران شرطیں لگانے کی کسی بھی قسم کی غیر معمولی کوشش کی نگرانی کرنا اور اگر ایسی کوئی غیرمعمولی شرط لگتی ہے تو اس صورت میں یہ ویب سائٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری طور پر چوکنا کر دیگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اس مرتبہ گراونڈز میں بھی موبائل فونز کے ذریعے مشکوک افراد سے رابطے کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انھیں گراونڈز سے باہر نکالنے کے اقدامات بھی کیے جانے کی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے گذشتہ سال منظرعام پر آنے والے سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد اس مرتبہ اپنے انتظامات کو مزید موثر بنایا ہے اور اس حوالے سے کھلاڑیوں پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ تمام فرنچائزرز کے ساتھ آفیشلز کو تعینات کیا گیا ہے جو اپنی ٹیموں کے کھلاڑیوں پر کڑی نگاہ رکھیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے مسلسل تیسرے ایڈیشن کے انعقاد کا سہرا چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو جاتا ہے جن کی کوششوں اور سخت محنت کی وجہ سے پاکستانی شائقین کرکٹ کو کرکٹ کے مشہور فارمیٹ میں بین الاقوامی کرکٹر قومی کرکٹرز کے ساتھ ایکشن میں دیکھ رہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی پاکستان سپر لیگ کو مکمل طور پر پاکستان لانے کی کوشش میں ہیں۔ اس سلسلہ میں تیسرے ایڈیشن کے تین میچز پاکستان کے لاہور اور کراچی کے شہروں میں کرائے جائیں گے۔ لاہور کے بعد کراچی کے سنٹرز میں بھی اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا رنگ جمے گا جس سے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی جانب سے ایک قدم ہوگا۔ نجم سیٹھی کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان سپر لیگ کے میچز لاہور کراچی کے بعد اسلام آباد، کوئٹہ اور ملتان کے شہروں میں بھی ہوتے دکھائی دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کسی ایک کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے۔ یہ ہمارا اثاثہ ہے اس کو سیاست سے دور رکھنا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، دبئی میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب کے تمام ٹکٹس فروخت ہو گئے تھے تاہم دبئی میں ٹریفک کی وجہ سے دس ہزار کے قریب شائقین سٹیڈیم نہیں پہنچ سکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے لیے ملک کی سیاسی شخصیات کے ساتھ پاک فوج کے افسران کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ پنجاب کے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے صوبہ کی نمائندگی کی۔ جبکہ پاک فوج کے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی موجود تھے۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لے جہاں خوبصورت ٹرافی بنائی گئی ہے وہیں پر ٹورنامنٹ اور میچز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کے لیے بھی خوبصورت ایوارڈ بنائے گئے ہیں۔ جن میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین باولر، بہترین بلے باز، سیفیٹس ہینڈ، ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ احسن رضا جو پہلے دونوں ایونٹ میں پی ایس ایل کا حصہ تھے اس مرتبہ فرائض انجام دہی کے سلسلہ میں مصروفیت کے باعث میگا ایونٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے روشن مہانامہ اور پاکستان کے محمد انیس شیخ کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں غیر ملکی امپائرز جن میں ٹم روبنسن، رنمور مارٹنیز جبکہ پاکستانی امپائرز میں علیم ڈار، احمد شہاب، راشد ریاض، آصف یعقوب، خالد محمود، شوزب رضا امپائرنگ کے فرائض انجام دینگے۔