اہلکاروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لئے پولیس ناکوں کو آن لائن کردیاگیا
لاہور (نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام پولیس ناکوں پر کیمرے نصب کر کے آن لائن کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر تمام ناکوں کو آن لائن سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ اہلکاروں کی معمول کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے اور اہلکاروں کی پرفارمنس پر نگاہ بھی رکھی جاسکے۔ ایس پی مجاہد و ڈولفن ندیم کھوکھر نے بتایا کہ اس خصوصی نظام سے ناصرف مشکوک گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رہے گی بلکہ چیکنگ کے نظام کو بھی مزید موثر بنایا جاسکے گا ااس جدید نظام سے اہلکاروں پر بھی خصوصی طور پر نگاہ رکھی جاسکے گی تاکہ وہ شہریوں کے ساتھ اخلاقیات سے پیش آئیں اور رشوت ستانی کی شکایات کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے۔ ناکوں پر تعینات اہلکاروں کی کونسلنگ کے لیے تمام متعلقہ سپر وائزری آفیسرز کو بھی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اہلکاروں کی ناصرف کونسلنگ کریں بلکہ موجودہ ملکی سیکیورٹی کے نقطہ نظر کے حوالہ و عوام الناس کے ساتھ میل جیل کے دوران خوش گفتاری سے پیش آئیں ناکوں کی کارکردگی کو موثر بنانے کے لیے متعلقہ سپروائزری آفیسرز کو ایک پروفارمہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جوکہ ہر 24گھنٹے کے بعد چیک کیا جائے گا۔