ٹرمپ کی نفرت انگیز سیاست پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی شدید تنقید
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اندازِ سیاست پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکی سیاست نفرتیں پھیلانے اور انسانی حقوق کیلئے خطرات کا موجب بن رہی ہے۔ رپورٹ میںڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چھ مسلمان ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی کو واضح طور پر نفرت انگیز حرکت‘ قرار دیاگیا۔
جدیددنیا میں ایمنسٹی کی رپورٹ چشم کشا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چند ہی حکومتیں ایسی ہیں جو انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کھڑی ہیں۔ رپورٹ میںمختلف رہنمائوں کا نام لے کر انہیںانسانی حقوق کی پامالی کا مرتکب قرار دیا ہے ۔کہا گیا ہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، فلپائن کے روڈریگو، وییزویلا کے نیکولس مادورو، روس کے ولادیمر پوتن، امریکہ کے ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جنگ پی سنگدلی سے لاکھوں افراد کے حقوق کو پامال کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایمنسٹی نے کچھ حقائق کو نظرانداز کیا ہے، دنیا میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہوتی ہیں جس کے ذمہ دار نریندر مودی ہیں، اسرائیل بھی فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی میں کسی بھی ظالم حکومت سے کم نہیں۔ اسرائیل اور بھارت کی سیاسی قیادت کا نام سنگدل حکمرانوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح مودی بھی نفرتیں پھیلانے میں اور انسانی حقوق کیلئے خطرہ ہیں۔ اب دونوں میں گٹھ جوڑ بھی ہو چکا ہے۔ اس گٹھ جوڑ کیخلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔ انسانی حقوق کے تحفظ پر کاربند ممالک کو متحد ہو کر انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف آواز بلند کرنا ہو گی، اس حوالے سے ایمنسٹی انٹرنیشنل بھی اپنا کردار ادا کرے۔