عائشہ گلا لئی نے اپنی سیاسی جماعت ’’پاکستان تحریک انصاف گلالئی‘‘ کا اعلان کردیا'
اسلام آباد(جنرل رپورٹر) تحریکِ انصاف سے نالاں رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے اپنی نئی جماعت ’پاکستان تحریک انصاف گلالئی‘ کا اعلان کیا،جمعہ کے روز پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے اپنی نئی سیاسی جماعت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20فیصد سرمایہ دار طبقہ پورے ملک پر قابض ہے، باقی 80فیصد عوام خستہ حالی کا شکاہیں اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، جماعت کا منشور ، لیڈرشپ اور مستقبل میں پارٹی کا لائحہ عمل بیان کیا۔انہوں نے کہا پاکستان کی تین بڑی سیاسی جماعتوں نے پوری ملکی سیاست وعوام کویرغمال بنارکھا ہے اور ملک میں کرپشن ، موروثیت ، سرمایہ دارنہ نظام عروج پرہے دوسری جماعتوں کے کرپٹ ترین افراد کوعمران خان اور نواز شریف نے اپنی پارٹی میں شامل کیا، نواز شریف معصوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور عدلیہ کے خلاف سیاسی مہم جوئی کر رہے ہیں ،پنجا ب سمیت پورے ملک میں جلسے کرکے ملک میں خانہ جنگی پیدا کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا فوج اور عدلیہ کے ساتھ ہوں گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ، عوامی مسائل کومد نظر رکھتے ہوئے دلجمعی سے کام کروں گی ، پارٹی فنڈنگ سے متعلق عائشہ گلالئی نے کہا پورے پاکستان اور پارٹی ورکروں سے چندہ اکٹھا کروں گی ، نواز شریف کا عدلیہ کے خلاف جلسوں کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے تا ہم پنجاب سمیت پورے ملک سے نواز شریف کا ووٹ بینک ختم ہوگیا ، عمران خان نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے۔ عائشہ گلالئی نے پارٹی لیڈر شپ کے نمائندوںکا اعلان کرتے ہوئے سردار لغاری کوسینئر وائس چیئر مین، نصراللہ میر کو وائس چیئر مین ،پروفیسر وحید کمال کوجنرل سیکرٹری ، نعیم خان کوایڈیشنل سیکرٹری اور سیکرٹری انفارمیشن راجہ ذاکر کو منتخب کیا۔پارٹی منشور میں صدارتی نظام،عدلیہ کو تقدس و احترام کی نگاہ سے دیکھنا ، ملک میں امیر وغریب کا فرق ختم کرنا ، ملک سے لوٹی ہوئی دولت کی و اپسی ، خواتین کے حقوق اور تحفظ سے متعلق قانون سازی ،اسلامی نظریاتی کونسل کوبااختیار بنانا،اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دینا، موروثیت کی سیاست کو ختم کرنا، اقلیتوں کے حقوق کا یقینی تحفظ، مزدوروں اور کسانوں سے متعلق واضح پالیسیاں وضع کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔