وائس چیئرمین یو سی تمیر راجہ یاسر مرتضیٰ کو قتل کر دیا گیا
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی یونین کونسل تمیر کے وائس چیئرمین راجہ یاسر مرتضٰی ایڈووکیٹ کو قتل کردیا گیا ہے۔ مقتول کو دو دن قبل نامعلوم افراد نے اغواء کیا تھا تھانہ بنی گالہ کے علاقے سے ملنے والی نعش کی شناخت ہوگئی ہے۔ جمعہ کو پولیس تھانہ بنی گالہ کواطلاع ملی تھی کہ بنی گالہ کنارہ ریسٹورنٹ کے نزدیک جھاڑیوں میں ایک نامعلوم شخص کی نعش پڑی ہے جو گہرے نیلے رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ہے پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی جس کی بعدازاں راجہ یاسرمرتضٰی کے نام شناخت ہوگئی جو اسلام آباد کی یونین کونسل تمیر کے وائس چیئرمین اور پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد ریجن کے صدر راجہ خرم نواز کے برادر نسبتی تھے راجہ یاسر کے حوالے سے پولیس کی اپنی ابتدائی تفتیش میں جو معلومات ملی ہیں اس میں بتایا گیا کہ انہیں دو دن قبل نامعلوم افراد نے اغواء کیا تھا راجہ یاسر کو گلے میں پھندہ ڈال کر قتل کیا گیا جبکہ ان کے کپڑوں پر خون کے بھی نشانات پائے گئے ہیں پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے پمس منتقل کر دی۔