تحریک انصاف کے وفد کی منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی ، پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ سطحی وفد نے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی اور سینیٹ الیکشن میں چوہدری سرور کے لیے حمایت مانگی ۔ وفد میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور علیم خان شریک تھے جبکہ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے بعد سینیٹر سراج الحق اور شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کی ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے سینیٹر سراج الحق سے تعاون کی درخواست کی ہے اورہمیں خوشی ہے کہ انہوںنے ہمیں بڑا مثبت جواب دیاہے ۔ کے پی کے میں بھی ہم مل کر چل رہے ہیں ۔ کرپشن کے خلاف ہمارا موقف ایک ہے اور ہمیں فخر ہے کہ سینیٹر سراج الحق سینیٹ میں موجود ہیں اور بڑی توانا آواز سے قومی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ الیکشن میں پیسے کے عمل دخل کو ختم کیے بغیر اچھی قیادت سامنے نہیں آسکتی ۔الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کو الیکشن میں دولت کے استعمال کو روکنے کے لیے موثر حکمت عملی دکھانا ہوگی ،باکردار اور باصلاحیت لوگ آئیں گے تو قوم کو کچھ دے سکیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی الحمدللہ اپنے نظم کے پابند ہیں جس کا اعتراف ملک کی تمام سیاسی جماعتیں کرتی ہیں ۔ ہم تعاون چاہتے بھی ہیں اور تعاون کرتے بھی ہیں۔